ہرارے (نیوزڈیسک )دورہ پاکستان کیسا رہا؟،زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے بیان نے پوری دنیا کو چونکادیا،پوری دنیامیں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان کے منفی امیج اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں پاکستان مخالف عناصر کی افواہوں اوربری رائے ہونے کے باوجود زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ویلسن مناسے نے کہا ہے کہ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران ہمیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا ، پاکستان میں سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی شاندار تھے ، پی سی بی اور پاکستانی عوام نے ہمیں بہت محبت دی جس کےلئے ان کے شکر گزار ہیں ، 6 سال بعد پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر ہمیں بہت خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ وہ منگل کو ہرارے میں میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے ۔ ویلسن مناسے نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران ٹیم کو سیکیورٹی کے حوالے سے کسی قسم کا خطرہ محسوس نہیں ہوا ، پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت نے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی ۔ انہون نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کےلئے ایک محفوظ ملک ہے ، ہماری ٹیم نے وہاں کسی قسم کا خطرہ محسوس نہیں کیا ۔ ویلسن مناسے نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں پاکستانی شائقین کرکٹ نے ہماری ٹیم کو بھی سپورٹ کیا جس پر ہم ان کے بے حد مشکور ہیں ۔ ویلسن مناسے نے کہا کہ آئی سی سی پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنے کا بہت اچھا تجرنہ رہا ہے اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی پاکستان کے دورے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی سی سی سمیت دیگر ملکوں کی ٹیموں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ کےلئے ایک محفوظ ملک ہے اور انہیں پاکستان کے دورے کرنے چاہئیں ۔