لاہور(نیوز ڈیسک) زمبابوے سے سیریز جتوانے والے مختار احمد ون ڈے ٹیم میں تو شامل نہ ہوسکے تاہم ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں وہ یک دم نمایاں پوزیشن میں آگئے ہیں۔ اس سے قبل وہ پہلی 200 پوزیشنز سے بھی باہر تھے تاہم زمبابوے کیخلاف شاندار پرفارمنس سے وہ ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگا کر پچیسویں پوزیشن پر آ گئے۔ مختار احمد نے زمبابوے کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آف دی میچ اور سیریز کے اعزازات بھی اپنے نام کیے اور اب آئی سی سی کی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں بھی ایک دو نہیں، پورے ایک سو ننانوے درجے ترقی پائی۔ پاکستان سے شکست کا سب سے زیادہ فائدہ زمبابوے کے اوپنر ہملٹن ماساکازا کو ہوا جو اپنی عمدہ بلے بازی کی بدولت چار درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ایلٹن چگمبورا، شان ولیمز، ووسی سبانڈا، کرسٹوفر امپوفو اور سکندر رضا شامل ہیں جن کی پوزیشنز میں آٹھ سے اکیس درجے تک ترقی ہوئی ہے۔ پاکستان کے شعیب ملک کی پوزیشن بھی بہتر ہوئی ہے۔