لاہور(نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا،پریکٹس میچ کے دوران یاسر شاہ کا ہاتھ زخمی ہونے پر ٹانکے لگانے پڑے، وہ ٹور سے باہر ہو گئے،متبادل ان کی جگہ ذوالفقار بابر کو شا مل کر لیا گیا جو آج بنگلہ د یش دورہ کے لیے روانہ ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کی طرح پاکستان ٹیم دورہ بنگلہ دیش میں بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئی،لاہور میں تربیتی کیمپ کے پہلے روز مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود کی کلائی میں تکلیف کے بعد سعد نسیم کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا، گرین شرٹس کی ڈھاکا روانگی سے قبل ٹریننگ کے دوران ہی فاسٹ بولر سہیل خان کمر کی انجری کا شکار ہوئے، بطور متبادل جنید خان کو بھیجا گیا، ون ڈے سیریز کا آغاز 17اپریل کو ہوگا لیکن اس سے پہلے ہی مہمان ٹیم کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑ گیا۔
میزبان بی سی بی الیون سے پریکٹس میچ کے دوران یاسر شاہ کا بایاں ہاتھ زخمی ہوگیا جس پر ٹانکے لگانے پڑے، وہ ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، متبادل کھلاڑی کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یاسر شاہ نے پریکٹس میچ میں 6اوورز میں 37رنز دے کر ایک وکٹ لی تھی،کئی ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے سعید اجمل کی افادیت پر سوالیہ نشان موجود ہے، یوں بنگلہ دیش کی کنڈیشنز کے پیش نظر اسپن کا شعبہ خاصا کمزور نظر آنے لگا، صرف ٹیسٹ ٹیم میں شامل ذوالفقار بابر متبادل کیلیے مضبوط امیدوار ہیں،اگر کسی نوجوان کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا تو اے ٹیم میں منتخب لیگ اسپنر شاہ زیب احمد اور لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر میں سے کسی ایک کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔