نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت کی فیلڈ ہاکی فیڈریشن ہاکی انڈیا نے تو پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مدد کی پیشکش کر دی تھی لیکن حالت یہ ہے کہ بھارت میں ہی آئس ہاکی فیڈریشن کو اپنے معاملات چلانے کیلئے چندہ مانگنے کی ضرورت پڑ گئی۔ مالی مشکلات کا شکار بھارت کی آئس ہاکی ٹیم نے ایک عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے درکار رقم جمع کرنے کے لیے عوام سے چندہ مانگا ہے۔ ٹیم کے کھلاڑی کویت میں آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے آئس ہاکی کے عالمی فیڈریشن کپ میں حصہ لینا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس اس سفر کے لیے درکار رقم نہیں۔ 25 رکنی سکواڈ کو امید ہے کہ وہ 20 لاکھ بھارتی روپے کی وہ رقم جمع کر پائیں گے جو انھیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے چاہیے۔ بھارتی آئس ہاکی ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر اکشے کمار نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے بدھ تک چھ لاکھ روپے جمع کر لیے تھے جن میں جنوبی بھارت کے ایک بڑے بزنس گروپ کی جانب سے ملنے والی امداد بھی شامل ہے۔