اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن(پی ٹی ٹی ایف) نے رواں ماہ شیڈول ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کیلئے 8 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ میگا چیمپئن شپ 26 اپریل سے 3 مئی تک چین میں کھیلی جائے گی، 124 ممالک سے 600 کے قریب مرد وخواتین کھلاڑی مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ پی ٹی ٹی ایف کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین نے ٹیم کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان کی مینز اینڈ ویمنز ٹیمیں ٹیم ایونٹ اور انفرادی مقابلوں میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم 6 کھلاڑیوں اور دو آفیشلز پر مشتمل ہے، اعلان کردہ مینز ٹیم نیشنل چیمپئن عاصم قریشی، سلیم عباس اور شجاعت علی پر مشتمل ہے جبکہ ویمن ٹیم میں پاکستان کی نمبر ایک شبنم بلال، عائشہ انصاری اور ملیحہ خورشید شامل ہیں۔ سہیل مظہر نقوی بطور مینجر جبکہ فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین وفد کے نمائندے کے طور پر چیمپئن شپ میں ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔