لاہور (نیوزڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور سابق کرکٹر معین خان جنہیں حال ہی میں ورلڈ کپ کے دوران کسینو سکینڈل پر برطرفی کا سامنا ہوا، اس معاملے میں اصل قصور وار میڈیا کو مانتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اتنا بڑانہ تھا جتنا بڑا اسے میڈیا نے بنا دیا۔ اگر میڈیا اسے نہ اچھالتا تو عوام کو معلوم بھی نہ ہوتا۔ میں کسینو کھانا کھانے گیا تھا لیکن میڈیا نے اسے جس رنگ میں اچھالا ،اس پر پی سی بی کا رویہ ایسا ہی ممکن تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ میڈیا کے منفی رویئے کی وجہ سے اب میرے لئے شائد کبھی بھی کرکٹ کو بطور کیریئر اپنائے رکھنا ممکن نہ ہو۔ میڈیا کی لاپرواہی نے میرے پورے کیریئر کو داغ دار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے معین خان کی عزت رکھتے ہوئے انہیں یہ آفر کی تھی کہ وہ آئندہ برس اپنے معاہدے کی تکمیل تک کسی دوسرے عہدے پر کام کرتے رہیں تاہم وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کیلئے راضی نہ ہوئے جس پر انہیں برطرف کردیا گیا تھا۔