لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کے جادوگر سپنر سعید اجمل کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کھیلنے کیلئے منتخب کر لیا گیا ہے اور اب وہ پہلی بار نئے باﺅلنگ ایکشن کے ساتھ بنگلہ دیش کے میدانوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعید اجمل کو تینوں فارمیٹ یعنی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور سلیکٹرز پرامید ہیں کہ سعید اجمل بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔ واضح رہے کہ سعید اجمل کے باﺅلنگ ایکشن پر پابندی لگائی گئی تھی جس کے بعد انہوں نے اپنا ایکشن تبدیل کیا اور بعدازاں ٹیسٹ میں کامیاب قرار پائے تاہم اس کے باوجود انہیں ورلڈکپ 2015ءکھیلنے کیلئے نہیں بھیجا گیا۔ ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ سعید اجمل کو ورلڈکپ نہ کھلانے کافیصلہ درست تھا کیونکہ ان کا باﺅلنگ ایکشن تبدیل ہوا تھا جو ان کیلئے مسائل پیدا کر سکتا تھا۔ ماہرین کے مطابق سعید اجمل کو دورہ بنگلہ دیش کیلئے منتخب کرنا درست فیصلہ ہے کیونکہ بنگلہ دیش ایک چھوٹی ٹیم ہے اور اس کے خلاف سعید اجمل کے نئے باﺅلنگ ایکشن کو باقاعدہ طور پر آزمانے کا بہترین موقع میسر ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ سعید اجمل بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں اپنے نئے باﺅلنگ ایکشن سے بھرپور جادو جگائیں گے اور ثابت کریں گے کہ ایکشن تبدیل ہونے کے باعث ان کی پرفارمنس میں کوئی تبدیل نہیں آئی۔