اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ورلڈ کپ کے بعد ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ کل نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ فائنل ان کے ون ڈے کیریئر کا آخری میچ ہوگا تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرتا رہوں گا، ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے بورڈ اور ٹیم کوآگاہ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پر امید ہوں کہ ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ طویل عرصے تک کھیل سکوں گا۔مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ میرے لئے فخر کی بات ہے کہ میں نے آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور ان تمام کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں جن کے ساتھ میں نے کرکٹ کھیلی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ میرے اور ٹیم کے لئے بہتر ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی مائیکل کلارک نے 244 ایک روزہ میچوں میں 7907 رنز بنائے ہیں جب کہ ان کا سب سے زیادہ اسکور 130 ہے ۔