لاہور ( نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باولر محمد عرفان کی انجری کے باعث ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد متبادل کے طور پر جادوگر اسپنر سعید اجمل کے حق میں آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں۔ سابق قومی کرکٹر باسط علی نے باولنگ ٹیسٹ کلیر کرنے والے اسپنر سعید اجمل کو عرفان کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ باسط علی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے پاس سنہری موقع ہے کہ سعید اجمل کا نام آئی سی سی کو بھجوائے، سعید اجمل بالنگ لائن کو سہارا دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعید اجمل کافی عرصے سے کرکٹ سےدور ہیں لیکن ان کا تجرنہ کافی وسیع ہے جب کہ ایڈیلیڈ کی سلو وکٹیں بھی ان کیلئے مددگار ہوں گی۔ اس ضمن میں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پی سی بی چیئرمین شہریار خان بھی سعید اجمل کو ٹیم میں شامل کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں، انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر اب کوئی کھلاڑی باہر ہوا تو سعید اجمل کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتاہے جب کہ اسپنر خود بھی ٹیم کو جوائن کرنے کے لئے فٹ اور مکمل تیار ہیں۔