ویلنگٹن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے مطابق ورلڈ کپ کے لچکدار ڈراز کے باعث پاکستانی ٹیم کوارٹر فائنل کی دوڑ میں اب تک شامل ہے۔
پاکستانی ٹیم اتوار کے روز ایڈیلیڈ میں آئرلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔ اس میچ کا فاتح پول بی میں تیسرے نمبر پر رہے گا۔
میچ میں شکست کھانے والی ٹیم بھی کوارٹر فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرسکتی ہے تاہم اس بات کا انحصار متحدہ عرب امارات اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کے نتیجے پر ہوگا۔
1992 کی فاتح پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ میں آغاز انتہائی مایوس کن تھا جہاں گرین شرٹس کو ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچوں میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
تاہم زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کے خلاف جیت کے بعد پاکستانی ٹیم کو کچھ حوصلہ ملا جس کے بعد مصباح الیون ٹورنامنٹ فیورٹ جنوبی افریقہ کو شکست دے پائے۔
مصباح الحق نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہمارے دو بڑی ٹیموں (انڈیا اور ویسٹ انڈیز) سے میچ تھے جنہوں ہم سے بہتر کرکٹ کھیلی اور میچ جیتے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہمارے نسبتاً کمزور ٹیموں سے میچز ہوئے جن کو جیت کر ہمارا اعتماد بحال ہوا۔
پاکستانی کپتان کے مطابق فاسٹ باؤلرز وہاب ریاض، سہیل خان اور محمد عرفان نے انہیں ابھی تک ٹورنامنٹ کی دوڑ میں برقرار رکھا ہوا ہے۔
پاکستان کی ورلڈ کپ میں 38 میں سے 28 وکٹیں انہی کھلاڑیوں نے حاصل کر رکھی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد توقیر نے تو یہاں تک کہا کہ پاکستان کے تینوں گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین، ورنن فلینڈر اور مارنی مارکل جتنی اچھی ہی باؤلنگ کی تھی۔