ایڈیلیڈ(نیوزڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے طویل القامت فاسٹ باؤلر محمد عرفان انجرڈ ہوگئے ہیں جس کے باعث آئرلینڈ کے خلاف ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں یاسر شاہ کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف عرفان کی کولہے کی انجری ایک مرتبہ پھر سامنے آگئی تھی تاہم انہوں نے باؤلنگ کی اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ عرفان کی جگہ اس اہم ترین میچ میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کیا جاسکتا ہے۔عرفان پاکستانی ٹیم کے اہم ترین باؤلر ہیں جن کی انجری سے پاکستان کو شدید دھچکا لگ سکتا ہے۔ پاکستان پہلے ہی یہ ورلڈ کپ سعید اجمل، محمد حفیظ، جنید خان اور عمر گل کی عدم موجودگی میں کھیل رہا ہے۔کپتان مصباح الحق کے مطابق وہاب ریاض، سہیل خان اور محمد عرفان نے کچھ اسٹار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان کے لیے ورلڈ کپ کو زندہ رکھا ہوا ہے اور تینوں نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔پاکستان کی ورلڈ کپ میں 38 میں سے 28 وکٹیں انہی کھلاڑیوں نے حاصل کر رکھی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے کپتان محمد توقیر نے تو یہاں تک کہا کہ پاکستان کے تینوں گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین، ورنن فلینڈر اور مارنی مارکل جتنی اچھی ہی باؤلنگ کی تھی۔تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ اگر پاکستان کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو عرفان اس میچ کے لیے دستیاب ہوں گے یا نہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں