کراچی (نیوز ڈیسک)ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ورلڈکپ کے دوران کھلاڑیوں کو مداحوں سے دور رہنے اور ان کو آٹو گراف نہ دینے کی ہدایت کردی ہے۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے یہ قدم کھلاڑیوں کو سٹے بازوں سے دور رکھنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔بی سی سی آئی کے سیکورٹی اوراینٹی کرپشن کے عہدیدار نے بورڈ کو خبردار کیا تھا کہ مداحوں کی صورت میں سٹے باز ہندوستانی کھلاڑیوں کے قریب آکر کھیل پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔سیکیورٹی اور اینٹی کرپشن کے عہدیدار کی جانب سے سٹے بازوں کے مبینہ خطرے کے پیش نظر بورڈ نے میچ کے دوران کھلاڑیوں پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کو آٹو گراف دینے پر بھی پابندی لگادی ہے۔بی سی سی آئی کے عہدیدار مادوان نے ہندودستانی اخبار ٹائم آف انڈیا کو بتایا ہے کہ ’ہم نے کھلاڑیوں کو ان کے مداحوں کو آٹو گراف دینے پر پابندی لگا دی ہے اور بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے کھیل کے بعد باہر نکلنے پر پابندی معملہ بھی زیر غور ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی خطر ناک مشق ہے اور ہم اس پر عالمی طور پر پابندی لگانے کی بھی کوشش کریں گے۔بی سی سی آئی عہدیدار کا کہنا تھا کہ مداح کھلاڑیوں سے آٹو گرافت لینے کے بہانے سٹے بازوں کو اہم معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔دوسری جانب بی سی سی آئی کے جنرل مینجر رتناکر شیٹی نے اے ایف پی کے رابطہ کرنے پر مذکورہ رپورٹ پر کسی قسم کی بات کرنے سے گریز کیا ہے۔