سڈنی(نیوز ڈیسک)آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ میں آج ناقابل شکست ہندوستان کرکٹ ٹیم کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہے، اس میچ کا نتیجہ پاکستان کے لئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔آئی سی سی ورلڈکپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لےجانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔منگل کو کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے واحد میچ میں ناقابل شکست ہندوستان کا مقابلہ آئرلینڈ سے ہو رہا ہے۔ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن ہندوستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں اور چاروں جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ہندوستانی ٹیم اپنا آخری پول میچ 13مارچ کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔آئرلینڈ نے کرکٹ کے سب سے بڑے میلے میں اپنی شاندار کاررکردگی سے کرکٹ پنڈتوں کو حیران کر دیا ہے۔آئرش ٹیم نے اب تک کھیلے گئے چار میں سے 3میچ جیتے ہیں اور چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔آئرش ٹیم کو واحد شکست جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ہوئی ہے۔ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ کا نتیجہ پاکستان کے لیے بھی اہمیت کا حامل ہے۔آئرلینڈ نے ہندوستان کو اپ سیٹ شکست دی تو پاکستان کو آخری گروپ میچ میں آئرلینڈ کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا۔آئرلینڈ کو ہندوستان سے شکست ہوئی تو 15مارچ کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ پری کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کرجائے گا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں