پیر‬‮ ، 23 دسمبر‬‮ 2024 

عمران خان کی حکومت کو اپوزیشن نہیں خود اپنے آپ سے خطرہ کیونکہ۔۔۔ حامد میر نے وزیر اعظم کو راجہ بازار، انار کلی ،طارق روڈجانے کا چیلنج دیدیا

datetime 25  جنوری‬‮  2021
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی ، اینکرپرسن اور کالم نگار حامد میر روزنامہ جنگ میں اپنے آج کے کالم ”غلط فہمیاں” میں تحریر کرتے ہیں کہ عمران خان کی حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اِس حکومت کو خود اپنے آپ سے خطرہ ہے، پچھلے چند ہفتوں میں ایسے

حالات و واقعات پیدا ہو رہے ہیں جن کے باعث عمران خان کی حکومت کی ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔ اِس حکومت کے وزیر ہوا بازی کی طرف سے قومی اسمبلی کے فلور پر دیے گئے ایک بیان کے بعد یورپ میں پاکستان ایئر لائنز کی پروازیں بند ہو گئیں، ایسا بیان مسلم لیگ (ن) یا پیپلز پارٹی کے کسی وزیر نے دیا ہوتا تو غداری کے فتوے بانٹنے والوں نے اب تک اسے کسی نہ کسی عدالت میں گھسیٹ لیا ہوتا۔ پاکستان کی ذلت و رسوائی یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ اس کے بعد ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے سے مسافروں کو اتار کر طیارہ ضبط کر لیا گیا کیونکہ پی آئی اے نے لیزنگ کی رقم ادا نہیں کی تھی۔ براڈ شیٹ کا معاملہ دیکھ لیں، حکومت نے خود گزشتہ سال نومبر میں براڈ شیٹ کو رقم ادا کرنے کی منظوری دی اور جب برطانوی اتھارٹیز نے لندن میں ایک پاکستانی بینک کے اکائونٹ میں موجود رقم ضبط کر لی تو حکومت نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا، بعد ازاں انکوائری کی سربراہی جسٹس (ر) عظمت سعید

کے سپرد کر دی جو شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز میں شامل ہیں۔عمران خان نے اپنے ہر مسئلے کا علاج نیب میں ڈھونڈ رکھا ہے اور جب نیب کہیں کام نہیں آتی تو پھر کسی نہ کسی عظمت سعید کو ڈھونڈ لیا جاتا ہے، عظمت سعید کب تک عمران خان کے کام آئیں گے؟

کیا انہوں نے کبھی سوچا ہے کہ 2019میں امریکی حکومت کی درخواست پر برطانیہ میں گرفتار ہونے والے ابراج گروپ کے سربراہ عارف نقوی سے ہونے والی تحقیقات کی تفصیل سامنے آئی تو وہ کیا کریں گے؟ جب تک ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر تھے تو ان کے داماد کے پاکستانی

دوست عارف نقوی پر پریشر کو کم کرانے کے لیے سرگرم رہتے تھے لیکن اب بائیڈن امریکا کے صدر ہیں، عارف نقوی کے خلاف امریکا میں جاری تحقیقات میں تیزی آئے گی کیونکہ عارف نقوی کے خلاف پہلا مدعی بل گیٹس کی گیٹس فائونڈیشن ہے۔ عارف نقوی کو ہیتھرو ایئر پورٹ لندن

میں گرفتار کیا گیا تو انہوں نے برطانوی حکام کو وزیراعظم عمران خان کا فون نمبر دیا اور بتایا کہ وہ ان کے بیس سال سے دوست ہیں، تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے مدعی اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ عارف نقوی نے 2013کے الیکشن میں عمران خان کو بھاری رقوم بھجوائیں

جن کا ریکارڈ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فراہم نہیں کیا گیا اور یہ ریکارڈ ان اکانٹس میں موجود ہے جن کی تفصیل الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے پاس آ چکی ہے لیکن وہ کوئی فیصلہ نہیں کر پا رہی۔ عمران خان نے پچھلے دنوں کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت ٹی وی کیمروں

کے سامنے کرائی جائے لیکن پھر خاموشی چھا گئی اور الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ اسکروٹنی ٹی وی کیمروں کے سامنے نہیں ہو سکتی۔ عمران خان یہ بھی جانتے ہیں کہ امریکا میں قائم کی جانے والی عمران خان ڈویلپمنٹل اکیڈیمک ریسرچ (اکدار) کے اکانٹس اور دفاتر کی بھی تحقیقات شروع

ہو چکی ہیں، اِس ادارے کا اعلان عمران خان نے خود کیا تھا، اِس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں انہوں نے جمائما خان اور اپنے دونوں بیٹوں کو شامل کیا۔ اکدار کا امریکا میں دفتر ابھی تک عمران خان کے نام پر ہے لیکن گیارہ ستمبر 2019کو بورڈ آف ڈائریکٹر کے ایک رکن دبیر ترمذی کو

تحریک انصاف سے نکال دیا گیا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے نام کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں، اِس ادارے کی تقریبات میں وفاقی وزرا اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ شریک ہوتا رہا، اچانک اِس ادارے کی سرگرمیاں کم کر دی گئی ہیں، کیا کوئی عظمت سعید

بتائے گا کہ یہ اکدار کا کیا معاملہ ہے؟حال ہی میں عمران خان کے وزیر توانائی عمر ایوب خان نے بجلی مہنگی کرنے کا اعلان کیا اور ساتھ میں یہ دعوی بھی کر دیا کہ بجلی مہنگی کرنے کی وجہ سابقہ حکومت کی پالیسیاں ہیں۔ عمر ایوب نے یہ بیان اپنی حکومت کے اڑھائی سال مکمل ہونے پر دیا،

حکومت کی آدھی مدت گزر چکی اور عمر ایوب ابھی تک مہنگائی کی ذمہ داری پچھلی حکومتوں پر ڈال رہے ہیں، ہمیں پچھلی حکومتوں کا دفاع نہیں کرنا کیونکہ براڈ شیٹ اور ابراج گروپ کے ساتھ ہمارے پچھلوں کا بھی بڑا تعلق رہا ہے لیکن عمر ایوب خان کا تو ان پچھلوں سے بڑا گہرا تعلق رہا ہے۔

وہ مسلم لیگ (ن) میں بھی شامل تھے اور مسلم لیگ (ق) میں بھی شامل تھے، وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے بارے میں کون نہیں جانتا کہ وہ آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں وزیر خزانہ تھے، شاہ محمود قریشی مسلم لیگ (ن) اور بعد میں پیپلز پارٹی میں رہے۔

پرویز خٹک نے تو سیاست ہی پیپلز پارٹی سے شروع کی، غلام سرور خان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) سے ہو کر تحریک انصاف میں آئے، فہمیدہ مرزا بھی پیپلز پارٹی کی دریافت ہیں، خسرو بختیار اور صاحبزادہ محبوب سلطان مسلم لیگ (ق) اور مسلم لیگ ن کو بھگتا کر آئے۔ آج کل

عمران خان کو پرویز مشرف بڑے برے لگنے لگے ہیں کیونکہ انہوں نے ماضی کے حکمرانوں کو این آر او دیئے لیکن شیخ رشید احمد، فروغ نسیم، محمد میاں سومرو، زبیدہ جلال، فواد حسین اور اعجاز شاہ کون ہیں؟ کیا یہ سب مشرف کے ساتھی نہیں؟ کیا اعظم سواتی چند سال پہلے تک

مولانا فضل الرحمن کے گیت نہیں گاتے تھے؟ عمران خان مانیں یا نہ مانیں، ان کے اردگرد اکثریت مشرف، زرداری اور نواز شریف کے ساتھیوں کی ہے۔ عمران خان کی حکومت اور پچھلی حکومتوں میں زیادہ فرق نظر نہیں آتا۔ اصل حکومت وہ نہیں ہوتی جو اسلام آباد میں اقتدار کے

ایوانوں میں قائم ہوتی ہے، اصل حکومت وہ ہوتی ہے جسے عوام دل سے قبول کرتے ہیں۔ عوام کے دلوں پر حکومت تو کب کی ختم ہو گئی۔ یقین نہ آئے تو عمران خان میرے ساتھ کسی دن راولپنڈی کے راجہ بازار، لاہور کی انار کلی یا کراچی کے طارق روڈ پر چلیں۔ سب غلط فہیاں دور ہو جائیں گی۔

موضوعات:



کالم



طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے


وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…

شیطان کے ایجنٹ

’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…