حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ، ام المومنین حضرت ام سلمہؓ کے پاس تشریف لائے۔ آپؓ بڑے مال دار تھے۔ حضرت ام سلمہؓ نے انفاق مال کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا کہ میں نے رسول کریمﷺ کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے کہ میرے بعض صحابہ رضی اللہ عنہم میری وفات کے بعد مجھے کبھی نہ دیکھ سکیں گے (یہ ارشاد سنتے ہی) حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ کانپ اٹھے اور خوف و گھبراہٹ کی حالت میں وہاں سے اٹھے اور حضرت عمرؓ کے پاس گئے،
وہاں جا کر حضرت عبدالرحمن بن عوف ؓ نے کہا سنو آپ کی ماں کیا کہتی ہیں۔ پھر انہوں نے حضرت ام سلمہؓ کی حدیث سنائی تو حضرت عمرؓ نے بھی خوف محسوس کیا، جیسے نیچے سے زمین ہل رہی ہو، پھر جلدی سے اٹھے اور ام المومنین کے پاس پہنچے جب حاضر ہوئے تو دو زانو ہو کر بیٹھے اور عرض کیا کہ میں آپ کو خدا کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کہ آیا میں بھی ان میں سے ہوں؟ ام سلمہؓ نے فرمایا کہ نہیں، اور میں آپ کے بعد کسی کو بے قصور نہیں ٹھہراؤں گی۔