کہا جاتا ہے کہ تحفہ دینے سے محبت میں اضافہ ہوتا ہے اور اگر آپ کے پاس سب کچھ ہے اور آپ کے پیاروں کو سمجھ نہیں آتا کہ وہ آپ کو کیا دیں تو آپ انہیں کچھ آئیڈیاز تو دے ہی سکتے ہیں۔تحائف خریدنا ہمیشہ سے ہی ایک اہم مسئلہ رہا ہے۔ ہر کوئی جب کسی اپنے پیارے کے لئے تحفہ لینے کا سوچتا ہے تو اس کے ذہن میں آنے والا پہلا سوال یہی ہوتا ہے کہ تحفہ کیا ہو؟ کہا تو جاتا ہے کہ تحفے کی قیمت سے لانے والے کی محبت کا اندازہ نہیں لگایا جانا چاہیے مگر آ ج کل یہ عام تاثر ہے کہ جتنا مہنگا تحفہ ہو گا اس قدر ہی محبت کو شمار کیا جائے گا۔مگر پھر بھی کئی تحائف ایسے ہیں جنھیں خریدنے کا خیال لکھ پتی افراد کے بھی پسینے چھڑا سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان تحائف کو مہنگے تحائف کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
شوبز ایک ایسی دنیا ہے جہاں کچھ بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ فلموں کی ناکامی اور کامیابی کے علاوہ بھی شوبز سے وابستہ افراد ایک دوسرے سے آگے نکل جانے کی تگ و دو میں مصروف رہتے ہیں۔ انہیں کہیں کسی کو نیچا دکھانا ہوتا ہے اور کہیں اپنے آپ کو اسپیشل پرسن قرار دینا ہوتا ہے۔ ایک دوسرے سے مقابلہ اداکاری‘ ناکامی کامیابی‘ ڈریسز ‘ہیر سٹائل اور اسی طرح کی دوسری چیزوں سے کیا جاتا ہے لیکن ان میں سب سے اہم چیز تحفہ ہے۔ انڈسٹری سے وابستہ افراد کبھی دوستی نبھانے کے لیے تو کبھی اپنے آپ کو’دیا لو‘ ثابت کرنے کے لیے اور کبھی دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے ایک دوسرے کو مہنگے سے مہنگے تحائف دیتے رہتے ہیں۔
مزید پڑھئے:اگر آپ کو یمن میں جاری لڑائی کا پس منظر معلوم نہیں تو یہ تحریر پڑھ لیں
ان میں سب ہی ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی بھر پور کوشش کر تے ہیں۔ بالی ووڈ ستاروں کے مہنگے لباس ‘ گاڑیاں‘ گھر اور لائف سٹائل کے بارے میں آپ نے کافی کچھ سن رکھا ہوگا لیکن شاید آپ یہ نہیں جانتے کہ یہ اپنے چاہنے والوں کو کروڑوں مالیت کے تحائف بھی دیتے ہیں۔آئیے آپ کو کچھ ایسے ہی تحائف کے بارے میں بتاتے ہیں۔
شاہ رخ خان:
شاہ رخ خان صرف بالی وڈ ہی کے کنگ نہیں بلکہ وہ دل کے بھی بادشاہ ہیں۔ ان کے دوست انہیں دوستوں کا دوست مانتے ہیں۔ غیر محسوس طریقے سے اپنے یاروں دوستوں کی مد د کرنا شاہ رخ خان کی ایک بہت اچھی عادت ہے اور اسی لیے ان سے سب ہی خوش رہتے ہیں۔ شاہ رخ خان کی ایک فلم را۔ون جو ان کی ہوم پروڈکشن تھی بلاک آفس پر اوسط درجے کی کامیابی ہی حاصل کر پائی تھی۔ اس کے باوجود شاہ رخ نے را۔ون کی ٹیم کے پانچ ممبرز کو BMW7گاڑیاں تحفے میں دی تھیں۔ ان میں سے ہر ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ کے قریب تھی۔ یہ تحفہ لینے والوں میں ساؤتھ انڈیا کے سپر اسٹار رجنی کانت‘ ارجن رام پال‘اور انوبھاؤ سنہا شامل ہیں۔ اس سے پہلے بھی شاہ رخ اپنی دریا دلی کی مظاہرہ کرچکے ہیں۔ فلم ’’میں ہوں نا‘‘کی ریلیز کے بعد انہوں نے فرح خان کو Hyundai SUVتحفے میں دی تھی جبکہ ’’اوم شانتی اوم‘‘ کی کامیابی پر فرح خان کو شاہ رخ خان نے مرسیڈیز کار گفٹ کی تھی۔ اس فلم کے ایک گانے میں جس میں انڈسٹری کے کئی نامور ادکاروں نے پرفارم کیا تھا شاہ رخ نے ان سب کو قیمتی تحائف بھجوائے تھے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں شاہ رخ نے ابھیشیک بچن کو Harley Davisonکی موٹر بائیک تحفے میں بھجوائی ہے۔
ودوونود چوپڑہ اور امیتابھ بچن:
فلم میکر ودوونوچوپڑہ کی فلم اکلاویا میں بگ بی نے رائل گارڈ کا رول کیا تھا۔ ونود کی ایک لمبے عرصے سے خواہش تھی کہ وہ کبھی امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرے اور یہ خواہش اس وقت پوری ہوئی جب بگ بی کو اکلاویا میں اپنا کردار اور فلم کی کہانی بے حد پسند آئی۔ فلم باکس آفس پر دھوم تو نہ مچا سکی البتہ ونود کی خواہش پوری ہونے پر اس نے امیتابھ بچن کو برانڈ نیورولز رائس کار تحفے میں دی ۔ اس کی قیمت 3.5کروڑ تھی۔ امیتابھ نے اپنے ڈائریکٹر کا دیا ہوا گفٹ خوش دلی سے قبول کر لیا اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اگلے ہی روز امیتابھ نے بھی رولز رائس کا رونود کو تحفہ میں بھجوائی تھی۔ بگ بی کا گفٹ پانے کے بعد کہنا تھا کہ انہیں یوں محسوس ہو تا ہے کہ جیسے بالی وڈ کے فلم میکر اسٹیون اسپیل برگ نے انہیں یہ تحفہ دیا ہو ۔
عمران خان:
عمران خان نے جب اپنا فلمی کیریئر شروع کیا تھا۔ تب اسے سب ہی نے ’لور بوائے‘ کا نام دیا تھا لیکن جوں جوں اس کا کام سامنے آتا گیا عمران نے خود کو ایک بہترین اداکار ثابت کیا۔ عمران کی پہلی فلم ’’جانے تویا جانے نہ‘‘ کی شان دار کامیابی پر انکل عامر خان نے اسے برانڈ نیو بی ایم ڈبلیو کار تحفے میں دی جب کہ حال ہی میں عمران کو ڈائریکٹر و شال بھردواج کی طرف سے Royalموٹر بائیک گفٹ کی گئی۔
عامر خان:
عامر خان بھی کسی سے کم نہیں اپنی بیوی کرن سے وہ کتنا پیار کرتے ہیں۔ اس کا اظہار ان کے قیمتی تحائف سے کیا جاتا ہے۔ سب سے پہلا گفٹ عامر کی طرف سے بیور لے ہلز میں 75کروڑ کی مالیت کا گھر عارضی طور پر لے کر دیا ‘جہاں یہ دونوں چھٹیاں منانے گئے تھے۔ اس کے علاوہ کرن راؤ کی فلم دھوبی گھاٹ کی کامیابی پر عامر نے اپنی مسز رائٹ کو بی ایم ڈبلیو گفٹ کی تھی۔
راج کندر ااور شلپاشیٹھی:
بولی وڈ کی مہنگی ترین شادیوں میں سے ایک شادی راج کندرا اور شلپا شیٹھی کی تھی۔ شلپا شیٹھی نے برطانیہ سے نشر ہونے والے پروگرام بگ باس سے بین الاقوامی شہر ت حاصل کی تھی۔ نہ صرف یہ بلکہ اس نے یوگا ایکسپرٹ کے طور پر بھی کامیابی اور شہرت پائی۔ شلپا گو کہ ایک کامیاب اور منجھی ہوئی ادکارہ نہیں بن پائی لیکن اسے قسمت کی دھنی ضرور کہا جا سکتا ہے۔ راج کندرا کی شلپا سے دوسری شادی تھی۔ یہ لو میرج تھی۔ راج نے شلپا کو پانے کے لیے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی تھی۔ راج کی طرف سے شلپا کو یوں تو تحفے ملتے ہی رہتے ہیں لیکن اس نے شلپا کو شادی پر بطور تحفہ دبئی میں قائم دنیاکی بلند ترین اسکوائر برج خلیفہ میں 19thفلور پر ایک لش اپارٹمنٹ گفٹ کیا۔
سلمان خان:
سلمان خان کا تحفے دینے میں کوئی ثانی نہیں۔ وہ اپنے دوستوں کو خوش رکھنا جانتا ہے اور وہ یہ بھی جانتا ہے کہ تحفہ دینے سے آپس میں محبت بڑھتی ہے۔ سلمان کی این جی او’بینگ ہیومن‘ کے ذریعے وہ عام یا غریب لوگوں کو تحائف دے کر مدد کرتا ہے۔ اس لیے اس کے بارے میں انڈسٹری میں یہ ہی تاثر پایا جاتا ہے کہ وہ سونے جیسے دل کا مالک ہے۔ سلمان کی فلم دبنگ ٹو میں کرینہ کپور نے آئٹم سانگ کرنے کا کوئی معاوضہ نہیں لیا تھا ‘ سلمان نے اس احسان کا بدلہ اس طرح اتارا کہ اسے فلم کی ریلیز کے بعد ایک بی ایم ڈبلیو کار تحفے میں بھجوائی۔ ادکار رتیش مکھ اور جنیلیا ڈی سوزا کی شادی میں سلمان نے شرکت نہیں کی تھی لیکن شادی کے تحفے کے طور سلمان نے اس نئے کپل کو ہنی مون ٹرپ پلان گفٹ کیا تھا۔ اس کے علاوہ رنبیرکپور کو رولیکس گھڑی‘راج ببر کو مرسیڈیز بھی گفٹ کر چکا ہے۔ یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں فارغ اوقات میں سلمان کا دوسرا مشغلہ پینٹنگ کرنا ہے۔ اس کی یہ پینٹنگ مہنگے داموں فروخت بھی ہوتی ہیں لیکن سلمان اپنی پینٹنگ فروخت کرنے کی بجائے اسے دوستوں میں گفٹ کر دیتے ہیں۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم کک کی ہیروئن کو سلمان نے اپنی ایک قیمتی پینٹنگ گفٹ کی اور ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں ایک لگژری اپارٹمنٹ بھی لے کر دیا۔سلمان دیوالی یا عید کے موقع پر وہ اپنے دوستوں کو اپنی پینٹنگ ہی گفٹ کرتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سلمان کی ایک پینٹنگ کی قیمت اڑھائی سے تین کروڑ تک کی ہوتی ہے۔
کرن جوہر:
دھرماپروڈکشن کے مالک کرن جوہر اس بات پر مکمل یقین رکھتے ہیں کہ تحائف کا تبادلہ کرنے سے آپس میں محبت بڑھتی ہے۔ اس لیے وہ اپنے ہر دوست کی برتھ ڈے اور خاص دن پر گفٹ ضرور دیتے ہیں لیکن کسی کا احسان رکھنا بھی پسند نہیں کرتے۔ امیتابھ کی فلم اگنی پتھ کاری میک بنایا گیا تو کرن نے کترینہ کیف سے چکنی چمیلی آئٹم سانگ کروایا۔ اس گانے لیے کترینہ کیف نے کرن سے کوئی معاوضہ نہیں مانگا اور بدلے میں کرن جوہر نے فلم کے ریلیز کے بعد اسے برانڈ نیو فراری گفٹ کی۔
بچن فیملی:
فلم انڈسڑی میں بچن خاندان کی لگژری زندگی بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور فیملی ممبرز آپس میں مہنگے اور قیمتی تحائف کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں۔ ابھیشیک کی اکتیسویں سالگرہ پر بگ بی نے اسے دوکروڑ کی Benglyگفٹ دی تھی۔ اس کے علاوہ ایشوریا رائے کی بیٹی آردھیا کو اس کے ڈیڈی ابھیشیک نے اس کی پہلی سال گرہ پر بی ایم ڈبلیو Mini Cooperگفٹ کی تھی جس کی مالیت پچیس لاکھ روپے ہے۔ اس کے علاوہ ایشوریا اور ابھیشیک نے اپنی بیٹی کیلئے 54کروڑ کا دبئی میں ایک گھر بھی خرید لیا ہے۔
سنجے دت:
سنجے دت کے لیے فلم انڈسٹری میں یہ کہاجاتاہے کہ اس جیسا نرم دل انسان دوسرا کوئی نہیں۔ ہمہ وقت دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہنے کی عادت سنجے بابا کو اپنے والد سنیل دت سے ورثے میں ملی۔ سنجے دت نے اپنے دو جڑواں بچوں اقراء اور شاہ ران کی پیدائش کی خوشی میں اپنی بیوی مانیتاکورولز رائس تحفے میں دی۔ اس کی قیمت تین کروڑ ہے۔ اس علاوہ ایکٹر رنبیر کپورکی 29 ویں سالگرہ کے موقعے پر سنجو بابا نے اسے تیس لاکھ کی موٹر بائیک گفٹ کی تھی۔
ودیا بالن:
فلم انڈسڑی کی کامیاب اور منجھی ہوئی ادکارہ ودیا بالن بھی کسی سے پیچھے نہیں۔ ان کے شوہر سدھارتھ رائے کپور جو UTVکے مالک ہیں۔ نے ودیا کوشادی کا تحفہ ممبئی میں جو ہوکے مقام پر لگژری فلیٹ کی صورت میں دیا تھا ۔ اس اپارٹمنٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں صرف وہ ہی افراد فلیٹ خرید سکتے ہیں جن کی جیب خاصی بھاری ہو‘ ہر طرح کی سہولتوں سے آراستہ یہ فلیٹ ودیا کو اپنے خوابوں کی تعبیر نظر آتا ہے۔ ہونا بھی ضرور چاہیے کیوں کہ یہ شادی کا اسپیشل گفٹ جو تھا۔





























































