یوں تو زمین اپنے اندر بیش بہا قیمتی خزانے چھپائے ہوئے ہیں لیکن اس سے بھی بڑھ کر اس کے سینے پر پھیلے لاکھوں سال قدیم حسین اور دلکش مناظر اپنی منفرد ساخت اور بناوٹ کے باعث لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑلیتے ہیں اور پہلی بار دیکھنے والوں کو تو یقین نہیں آتا کہ یہ قدرتی مناظر زمین کا حصہ ہیں یا پھر کسی اور سیارے سے ہماری زمین پر اتر آئے ہیں۔
دی ویو، ایریزونا:
ایریزونا کے پہاڑی علاقے کیوٹ بٹس اور ورمیلین کلفس پر پھیلی تہہ در تہہ اور بل کھاتی مخلتف رنگوں سے مزین چٹانیں جادوئی منظر پیش کرتی ہیں اور انہیں دیکھ کر تو انسان ایک لمحے کے لیے جیسے سانس لینا ہی بھول جاتا ہے۔ اس سحر انگیز نظارے کو دیکھنے کےلیے ایک وقت میں صرف 20 افراد کو اجازت نامہ دیا جاتا ہے اور اس کو دیکھنے والوں کے اشتیاق کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی بکنگ 4 ماہ قبل کرانی پڑتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چٹانیں 19 کروڑ سال پرانی ہیں جو ریت کے طوفانوں سے وجود میں آئیں جب کہ کیلشیم سالٹ کی وجہ سے مضبوطی سے جم گئیں۔




















































