شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے جنجگوؤں نے شام میں یونیسکو کے عالمی ورثے پیلمائرا پر قبضہ کر لیا ہے۔شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے ایک اہلکار نے امریکی سربراہی میں دولت اسلامیہ کے خلاف مغربی ممالک کے اتحاد سے کہا ہے کہ وہ دنیا کے اس تاریخی ورثے کو شدت پسندوں کے ہاتھوں تباہ ہونے سے بچانے کے لیے کارروائی کریں۔شدت پسند تنظیم نے اس سے پہلے عراق میں نمرود کے تاریخی ورثے کو تباہ و برباد کر دیا تھا۔ شام کے حالات پر نظر رکھنے کی ایک تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ابھی تک تاریخی ورثے کو نقصان پہنچانے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے۔شدت پسندوں نے پیلمائرا کے ثقافتی ورثے کے قریبی قصبے تدمر، قریبی ہوائی اڈے اور انٹیلی جنس کے ہیڈکوارٹر پر قبضے کے بعد پیلمائرا کا ثقافتی ورثہ بھی ان کے قبضے میں آ گیا ہے۔ حکومت نے تصدیق کی ہے کہ اس نے قصبے سے فوجیں نکال لی ہیں۔