امریکی بزنس جریدے’’فوربز‘‘ نے سال 2015ء کے ارب پتی صاحب ثروت کی ایک نئی فہرست جاری کی ہے جس میں گیارہ ممالک کے ایسے 45 امراء بھی شامل ہیں جو عرب پس منظر کے ساتھ امریکا اور مغربی شہریت بھی رکھتے ہیں۔
تازہ فہرست میں رواں سال کے کل 1826 ارب پتیوں میں سعودی عرب کے 10 ارب پتی بھی شامل ہیں جن کی مجموعی دولت 48 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ دو ہزار کے لگ بھگ ارب پتی شخصیات مجموعی طور پر سات کھرب 50 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔ ارب پتی عالمی شخصیات میں سب سے کم عمر ایک امریکی 24 سالہ ایفن اشپیگل بھی شامل ہے جو ایک ارب 500 ملین ڈالر کا مالک ہے۔ اشپیگل لبنانی نڑاد کارلوس سلیم کے 77 ارب ڈالر کے مالک کے مقابلے میں ’’غریب‘ ‘سمجھا جاتا ہے۔
’’فوربز‘‘ نے عرب ممالک کے ارب پتی امراء کی فہرست جاری کی ہے جن میں گیارہ عرب ملکوں کے 45 افراد شامل ہیں۔ ان میں سے بیشتر دہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کی دولت عرب ملکوں کے علاوہ مغرب میں بھی پڑی ہے۔ عرب ملکوں کے ارب پتیوں میں 10 سعودی دولت مند صرف سات خاندانوں کے چشم و چراغ ہیں۔
لبنان کے نو ارب پتی پانچ خاندانوں کی اولاد ہیں جن میں سے ایک میکسیکو اور ایک برازیل میں مقیم ہے۔ فہرست میں مصر کے آٹھ دولت مند صرف تین خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان میں سے ایک برطانیہ میں مقیم ہے۔ کویت کے پانچ دولت مند ایک ہی’’فیملی‘‘ کے افراد ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کے دو خاندانوں کے چار امراء بھی فہرست میں شامل ہیں۔



















































