علم حاصل کرنے اور اسے پھیلانے کا شوق ان لوگوں میں ہی پایا جاتا ہے جو علم سے محبت کرتے ہیں اور اس کے لیے بعض لوگ کچھ بھی کر جانے کو تیار رہتے ہیں ایسا ہی ایک علم پھیلانے کا جذبہ رکھنے والے ارجنٹینا کے آرٹسٹ نے کیا جس نے علم کی روشنی پھیلانے کے لیے ایک گاڑی پر لائبریری بنائی جس پر لدی ہوئی کتابیں وہ ہر اس شخص کو فراہم کرتے ہیں جو انہیں پڑھنے کا وعدہ کرتا ہے۔
راول لیمیسوف نامی اس علم دوست شخص نے 1979 کی فورڈ کار کو ایک جنگی ٹینک کی شکل دے رکھی ہے جس کے آگے ٹینک کی طرح ایک پائپ لگایا گیا ہے جو کار کو توپ کی شکل دیتا ہے۔ گاڑی کے اندر اور باہر 900 کتابوں کے لیے جگہ بنائی گئی ہے اور یہ کتابیں عطیہ کرنے کے لیے ہیں تاہم یہ کتابیں ایسے افراد کو مفت فراہم کی جاتی ہیں جو انہیں پڑھنے کا وعدہ کرتے ہیں۔




















































