لاہور ( این این آئی) بھارتی برج ٹیم برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ چمپئن شپ کے لیے لاہور میں قیام سے لطف اندوز ہونے لگی۔30رکنی بھارتی برج دستے میں ایشیائی کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ پرنب بردھن بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2018ء کے جکارتہ گیمز میں
اپنے ساتھی شیبھناتھ سرکار کے ساتھ مردوں کے جوڑے کا مقابلہ جیتا تھا۔ارجن ایوارڈ یافتہ 2023 BFAME چمپئن شپ میں بھی ایونٹ جیتنے کے لیے پسندیدہ ہیں اور انہوں نے لاہور کے مختلف مقامات کی سیر کا بھی لطف اٹھایا، جس کا اہتمام پاکستان برج فیڈریشن نے کیا تھا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کا دورہ کرنے والی بھارتی کھلاڑی کلپنا اور ودیا کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ گھر پر ہیں۔ دشمنی یا کسی دبا جیسی کوئی چیز نہیں ہے، کیونکہ پاکستان میں رہ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے ہی ملک میں ہوں۔انہوں نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ سفر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔مقابلے میں پاکستان بمقابلہ انڈیا کے کچھ میچز بھی ہوئے، حالانکہ ایونٹ میں بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور فلسطین کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔