پشاور(این این آئی)کبل سوات میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)کے پرانے کمپانڈ میں دھماکوں کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آگئی جس کے مطابق سی ٹی ڈی کمپانڈ کے مال خانے میں دھماکا آگ کی کسی چیز یا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 24 اپریل کو پولیس اسٹیشن کبل کے قریب سی ٹی ٹی کے پرانے کمپانڈ بلاک میں دھماکے ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی پرانے سی ٹی ڈی کمپانڈ میں داخل ہوتا ہے تو اسے سیکیورٹی کی تین لیئرز سے گزرنا ہوگا۔ اسی طرح عینی شاہدین کے مطابق باہر سے کوئی خودکش حملہ یا کسی کا بھی زبردستی اندر آنا ریکارڈ نہیں کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جائے وقوعہ پر بھی کوئی بال بیئرنگ نہیں ملا۔ کوٹ میں موجود دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے لگاتار دھماکے ہوئے اور دھماکے کے دوران تباہ ہونے والی تمام گاڑیوں کا مکمل معائنہ کیا گیا تاہم آئی ای ڈی وغیرہ کے کوئی ثبوت نہیں ملے اور دھماکے کسی اور ذریعہ سے ہونے کے بارے میں ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا۔دھماکے پہلی منزل پر ہوئے اور دھماکوں سے تین منزلوں پر مشتمل پرانا سی ٹی ڈی بلاک مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق دھماکوں سے تھانہ کبل، سی ٹی ڈی تھانے کا نیا بلاک، پولیس لائنز کی مسجد اور قریبی گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔