اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں ساتویں خانہ و مردم شماری کے دور ان اب تک ہونے والی گنتی کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 24 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی آبادی 23 کروڑ 74 لاکھ 48 ہزار 241 تک پہنچ چکی ہے۔
کراچی کی اب تک گنی گئی آبادی ایک کروڑ 71 لاکھ51 ہزار سے گائد اور حیدرآباد کی آبادی ایک کروڑ 18 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہے۔ڈائریکٹر ادارہ شماریات سندھ منور گھانگرو نے بتایا کہ نئے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کی آبادی میں 11 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی ڈویژن کی اب تک کی آبادی ایک کروڑ 71 لاکھ51 ہزار 798 افراد پر مشتمل ہے۔منورگھانگرو کے مطابق حیدرآباد ڈویژن میں ایک کروڑ 18 لاکھ71 ہزار 610، لاڑکانہ ڈویژن میں 78 لاکھ86 ہزار 660 اور سکھر میں 61 لاکھ 82 ہزار 973 افراد گنے جاچکے ہیں۔منور گھانگرو کے مطابق شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں 59 لاکھ 48 ہزار 97 افراد گنے گئے ہیں جبکہ میر پور خاص ڈویژن میں 49 لاکھ 34 ہزار 985 افراد کو شمار کیا جاچکا ہے۔منور گھانگرو کے مطابق اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق سندھ کی مجموعی آبادی 5 کروڑ 39 لاکھ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔