انقرہ(این این آئی)ترک صدر رجب طیب ایردوان علالت کی وجہ سے دو دن کی غیر حاضری کے بعد جمعرات کو سامنے آگئے۔ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹین کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق 69 سالہ ترک صدرایردوان روس کی طرف سے بنائے گئے نیوکلیئر پاور پلانٹ کے افتتاح کے لیے آن لائن تقریب کے دوران اپنی میز کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے اور ان کی آنکھیں پیلی نظر آئیں۔ وہ قدرے نحیف دکھائی دے رہے تھے۔ ایردوان نے براہ راست نشریات کے دوران صحت کی خرابی کے باعث اپنی بدھ کی انتخابی سرگرمیاں منسوخ کر دی تھیں۔