۔اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے والدہ کے انتقال کے بعد ذہنی تناؤ کا شکار ہونے اور سال بھر دوائیاں لینے کا انکشاف کیا ہے۔نجی ٹی وی کو دیےگئے انٹرویو میں نسیم شاہ نے بتایا کہ میں آج بھی والدہ کی یاد پر بات نہیں کرپاتا میں ان کے انتقال کے باوجود آج بھی ان سے تنہائی میں باتیں کرتا ہوں
وہ واحد انسان تھیں جن سے میں اپنی زندگی کا ہر اچھا برا شیئر کرسکتا تھا۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق فاسٹ بولر نے جذباتی ہوتے ہوئے بتایا کہ ’مجھ سے آج بھی والدہ کی یاد کے باعث گاؤں نہیں جایا جاتا، میں وہاں جاؤں تو دروازے دیکھ کر والدہ کا عید ملنا ان کا آنا جانا پھر سے یاد آنے لگتا ہے، مجھے ذہنی تناؤ ہونے لگتا ہے لیکن میں انھیں تصور میں لاکر ان سے باتیں کرتا ہوں‘۔نسیم شاہ کے مطابق ’ والدہ کے انتقال کے بعد جذباتی ہوکر ایسی باتیں کرنے لگ گیا تھا کہ میرے کوچز اور منیجر مجھے سمجھاتے تھے کہ ایسی باتوں سے اللہ ناراض ہوجاتے ہیں، میں والدہ کے انتقال کے بعد ایک سال تک ذہنی تناؤ کی گولیاں کھاتا رہا، اس وقت میں ذہنی طور پر اتنا کمزور ہوگیا تھا کہ گھڑی ہاتھ میں پہنی ہوتی تھی اور میں ڈھونڈتا رہتا تھا، میرے ساتھی کھلاڑی بھی جانتے تھے میں کوئی بھی چیز بھول جاتا ہوں جو کہ امی کے انتقال سے پہلے نہیں تھا’ ۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے ورلڈ ریکارڈ بناڈالا۔نسیم شاہ کیریئر کے ابتدائی 6ون ڈے میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔ 6میچوں میں ان کی حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 20ہوگئی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کرکے کیوی فاسٹ بولر میٹ ہینری کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ میٹ ہینری نے کیریئر کے ابتدائی 6 ون ڈے میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کی تھیں۔راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں نسیم شاہ نے بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر شان دار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کیوی بیٹرز کو کھل کر نہ کھیلنے دیا اور مقررہ 10 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 2 اہم وکٹیں حاصل کیں۔نسیم شاہ کی شاندار بولنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ٹیم میں شامل دوسرے فاسٹ بولرز کیوی بیٹرز کے سامنے جدوجہد کرتے دکھائی دیے۔
نسیم شاہ 30 سے کم رنز دینے والے واحد پاکستانی بولر تھے، اور ان کا اکانومی ریٹ بھی تمام بولرز میں سب سے کم 2.90 تھا