نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں بیٹے کی خواہش رکھنے والی خاتون نے پہلی بیٹی پیدا ہونے پر نومولود کو تالاب میں پھینک دیا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست آسام میں 24 اپریل کو پیش آیا جہاں ایک ماں نے اپنی ہی اولاد کو بیٹی ہونے کے جرم میں مار ڈالا۔
پولیس نے واقعے کی تفصیلات سے متعلق بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک بچی کی لاش کو علاقہ مکینوں نے تالاب پر تیرتا ہوا دیکھا۔پولیس کے مطابق علاقہ مکینوں کی جانب سے تالاب میں بچی کی لاش پائے جانے کی اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کی لاش کو تالاب سے نکال لیا۔
معاملے کی تحقیقات کے دوران پولیس نے بچی کے والدین کو گرفتار کرلیاجس دوران معلوم ہوا کہ ماں بیٹے کی خواہش مند تھی لیکن بیٹی پیدا ہونے پر افسردہ تھی اور اسی لیے اس نے اپنی بچی کو تالاب میں پھینک دیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔