ۖخرطوم (این این آئی)سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان لڑائی کے بعد لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ بڑھتے جرائم پر سوڈانی شہری پولیس کے خلاف بھی غم و غصہ کا اظہار کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہریوں کا کہنا تھاکہ ہولناک جرائم کو روکنے کے لیے پولیس نے معمولی کوشش بھی نہیں کی ہے۔
فوج اور سکیورٹی ایجنسیاں بھی جرائم پیشہ افراد کے سامنے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔دوسری طرف سوڈان کی دینی شخصیت اور مبلغ ڈاکٹر آدم ابراہیم الشین نے جرائم کو کم کرنے کے لیے فتوی کا سہارا لیا اور ان حالات میں فتوی جاری کیا ہے۔انہوں نے اپنے فتوی میں کہا کہ چوری کے مال میں سے کوئی بھی چیز نہ خریدو۔ خواہ وہ کھانا ہی کیوں نہ ہو، کیونکہ تم جانتے ہو کہ وہ چوری شدہ چیز ہے۔ اگر تمہیں چوری شدہ چیزوں میں سے کوئی چیز ملتی ہے تو تم اسے واپس کر دو۔ اسے قبول کرنے میں نرمی مت برتو۔ کسی کو چوری میں ملوث پا تو اس کو نصیحت کرنا تم پر واجب ہے۔ لوگ ان بازاروں میں نہ جائیں جہاں چوری اور لوٹ مار سے حاصل چیزیں فروخت ہوتی ہیں ورنہ وہ بھی گناہ میں شریک سمجھے جائیں گے۔