وکٹوریا(این این آئی) آسٹریلیا میں ساحلِ سمندر کی صفائی کرنے والے عملے کے ایک ممبر کو 10 سال قبل پانی میں پھینکا گیا بوتل بند پیغام ملا ہے۔آسٹریلوی ریاست وِکٹوریا کے شہر وارنابْول میں روس ایونز بیچ پیٹرول 3280 کے ساتھ ساحل کی صفائی کر رہی تھیں
جب انہیں پلاسٹک کی بوتل میں بند آٹھ سالہ بچی کا پیغام ملا۔پیغام میں لکھا تھامیرا نام آئنیس زیپکان ہے، میں 8 سال کی ہوں، جس کو بھی یہ پیغام ملے اس کے لیے میری اور میرے خاندان کی طرف سے نیک تمنائیں۔پیغام موصول ہونے کے بعد روس ایونز نے انسٹاگرام پر اس بچی کو تلاش کیا (جس کی عمر اب 18 سال ہے)۔حال میں رابطہ کیے جانے پر آئنیس زیپکان نے روس ایونز کو ایک پیغام میں لکھا کہ انہوں نے یہ پیغام وکٹوریا کے شہر پورٹ لینڈ سے 10 سال قبل سمندر میں پھینکا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ معذرت خواہ ہیں کہ اس پیغام کے ساتھ لاکھوں پاؤنڈز نہیں بھیج سکی لیکن انہیں خوشی ہے کہ ان لوگوں کو یہ پیغام ملا۔اس بوتل نے 10 سالوں کے عرصے میں 80 کلو میٹر سے زائد کا فاصلہ طے کیا۔