کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، مختلف علاقوں میں مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں ملکی سلامتی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔کراچی میں 4 ہزار 242 مقامات پر عید الفطر کی نماز ادا کی گئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔شہر میں عید الفطر کے اجتماعات کی سیکیورٹی پر 9 ہزار 825 پولیس اہلکار و افسران کو تعینات کیا گیا۔کراچی میں پولو گراؤنڈ میں نمازِ عید ادا کردی گئی جہاں گورنر سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے نماز پڑھی۔پولو گراؤنڈ میں نمازِ عید مولانا محمد احمد سلیمی نے پڑھائی۔