انوار الحق کی وزارت عظمیٰ کیلئے نامزدگی پر سابق وزیر اعظم آزادکشمیر تنویر الیاس برہم
مظفر آباد (این این آئی)سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس چوہدری انوار الحق کی وزارت عظمیٰ کیلئے نامزدگی پر برہم ہوگئے۔چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے بلا مقابلہ وزیر اعظم منتخب ہوگئے، 52 کے ایوان میں انہیں 48 ووٹ ملے جس کے بعد انہوں نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ کا سب بڑا مینڈیٹ حا صل کرلیا۔چوہدری انوار الحق کے بلا مقابلہ وزیر اعظم منتخب ہونے پر سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے اپنے ایک بیان میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انوارالحق کہتے تھے کہ پارٹی بچانے کیلئے کر رہا ہوں،اب سازش کا علم ہوا، انوارالحق نے عمران خان کو کچھ اور آزادکشمیر اسٹیبلشمنٹ کو کچھ اور کہا۔سردار تنویر الیاس نے کہاکہ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ میں ایک فارورڈ بلاک کی صورت میں آرہا ہوں، عمران خان نے وزارت عظمیٰ آزادکشمیر کیلئے کسی کو نامزد نہیں کیا ،پارٹی پالیسی کے خلاف کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا۔