اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے بھی الیکشن کیلئے سپریم کورٹ کی سیاسی اتفاق رائے کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔اپنے بیان میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس نے سیاسی اور قانونی حقیقتوں میں ربط پیدا کرنے کی اچھی کوشش کی ہے، ہم تو پہلے دن سے ہی مذاکرات کا کہہ رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کو بھی بیٹھنا چاہیے، سب کو ایک ساتھ بیٹھ کرالیکشن کے رولز آف دی گیمز طے کرنے چاہئیں۔دوسری جانب سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بھی چیف جسٹس پاکستان کے ریمارکس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ عجلت میں کوئی فیصلہ نہ کرے، سیاسی جماعتوں میں انتخابات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے کے لیے کردار ادا کر رہی ہے، توقع ہے بات چیت کے ذریعے مثبت حل نکل آئے گا۔