اسلام آباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب (آج)پیر کو روانہ ہوں گی۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر (آج)پیر دوپہر 2بجے سعودی عرب روانہ ہوں گی، وہ آخری عشرہ سعودی عرب میں گزاریں گی۔
قائد ن لیگ نوازشریف بھی آخری عشرہ سعودی عرب میں گزاریں گے، وہ(کل)منگل11اپریل کولندن سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گے۔دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں مریم نواز نے ایک ویڈیو شیئر کی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قوت گویائی سے محروم بچے مریم نواز سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔اس ویڈیو کے کیپشن میں مریم نواز نے لکھا کہ برائے مہربانی جب میں عمرہ سے واپس آئوں تو خاص نوجوانوں کو مجھ سے ملنے کیلئے لائیں۔انہوں نے لکھا کہ ان سے ملنے میرے لیے اعزاز اور خوشی کی بات ہو گی۔آخر میں ن لیگ کی نائب صدر نے انشا اللہ بھی لکھا۔