جاتی سردی پھر لوٹ آئی، اپریل میں بھی برف کے گولے گرنے لگے
چترال(پی پی آ ئی) چترال شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔حکام کے مطابق اپر چترال کے بالائی علاقوں تریچ ، کھوت تورکہو اور گرم چشمہ کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، اپر یل کے مہینے میں برفباری سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے ندی نالوںمیں طغیانی اور سیلاب کا خطرہ ہے، این ڈی ایم اے کی طرف سے تمام متعلقہ اداروں کو اختیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا دوسرا مغربی سسٹم شمال مشرقی بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔سسٹم کے تحت کوہِ سلیمان رینج میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ 3 روز میں گرمی پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں ہواوں میں تبدیلی سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔