اسلام آباد(این این آئی)جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے 10 موٹر سائیکلیں جلادیں، پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس بس پر پتھر مارے، غلیلیں چلائیں، ایک گاڑی کو آگ لگادی ،ایک کو پلٹ دیا۔ہفتہ کو توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی حاضری کے موقع پر پی ٹی آئی کارکن مشتعل ہوگئے،
انہوں نے کمپلیکس میں کھڑی پولیس کی 10 موٹر سائیکلیں جلادی ہیں۔جوڈیشل کمپلیکس میں پی ٹی آئی کارکن نے ایک پولیس افسر کی گاڑی بھی الٹ دی۔جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان میدان جنگ بنا رہا، اسلام آباد پولیس پر ڈنڈا بردار کارکنوں کا پتھرائوکیا اور پولیس کی کار کو نقصان پہنچایا۔پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس بس پر پتھر مارے، غلیلیں چلائیں، ایک گاڑی کو آگ لگادی جبکہ ایک کو پلٹ دیا۔پولیس نے جوابی شیلنگ کی، تحریک انصاف کے کارکنوں نے پتھرائوکے ساتھ پولیس پر آنسو گیس کے شیل بھی برسائے۔پولیس ذرائع کے مطابق کارکنوں نے گلگت بلتستان پولیس کے شیل استعمال کیے۔آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے کہا کہ پولیس پر شیلنگ ہمارے لیے ایک نئی چیز ہے، کارکنوں نے جوڈیشل کمپلیکس کا بیریئر اور دروازہ توڑ دیا۔جوڈیشل کمپلیکس کے اندر بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے پتھرائو کیا، شدید پتھرائو کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔کمرہ عدالت کے اطراف میں بھی آنسو گیس کا دھواں پھیل گیا، پولیس نے پہلے شبلی فراز کو گرفتار کیا اورپھر چھوڑ دیا۔