ایران میں افسوسنا ک واقعہ، 5 پاکستانی شہری جاں بحق،5زخمی
تہران ،لاڑکانہ(آن لائن) ایران میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث پانچ پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے جاں بحق ہونے والوں کا تعلق گڑھی خدا بخش بھٹو تھا۔واقعے میں گڑھی خدا بخش کے گاؤں راضی پتافی کے رہائشی ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، گیس سلنڈر ایران کے علاقے فلعہ گابری میں مقیم منیر پتافی کے گھر میں پھٹا، واقعے میں منیر پتافی کے 2 بیٹے اور 3 بھانجیاں جاں بحق ہوئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 19 سالہ غلام رضا، 16 سالہ محرم علی، 6 سالہ بھٹائی، 3 سالہ ام فروا اور ایک سال کی شیریں شامل ہیں، جھلسنے والوں میں 4 عورتیں اور ایک مرد شامل ہے۔ورثاء کے مطابق زخمی ہونے والے تمام افراد کا ایران کے ہسپتال میں علاج جاری ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ مرحومین کے آبائی گھر پہنچ گئے۔لواحقین نے بتایا کہ پتافی خاندان 25 برسوں سے ایران میں مقیم تھا، پتافی خاندان ایران کی فیکٹریوں میں مزدوری کرتا تھا، ایران حکومت مکمل تعاون کر رہی ہے، میتیں 2 دن میں گاؤں پہنچ جائیں گی۔