لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے اپنی خواہش اور وارننگ دونوں کو ہی حقیقت بنا دیا۔پاکستان سپر لیگ کے 26 فروری کو کھیلے گئے میچ سے قبل لاہور قلندرز کے حارث رئوف اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کے
درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی تھی۔اس موقع پر بابر اعظم کے ساتھ گفتگو میں حارث رئوف نے کہا تھا کہ میں نے آپ کو آئوٹ کرنا ہے۔تاہم اس میچ میں حارث رئوف اپنی خواہش پوری نہ کرسکے تھے اور بابر اعظم کو فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کردیا تھا اور یہ میچ لاہور قلندرز نے 40 رنز سے جیت لیا تھا۔تاہم منگل کے روز پاکستان سپر لیگ 8 کے 23ویں میچ میں ایک مرتبہ پھر پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا آمنا سامنا ہوا اور ایک مرتبہ پھر حارث رئوف کو موقع ملا کہ وہ اپنا کہا پورا کرسکیں۔اس مرتبہ حارث رئوف نے 26 فروری کو کپتان بابر اعظم سے جو کہا تھا وہ کر دکھایا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فاسٹ بولر نے بابر اعظم کو کیچ آئوٹ کرایا۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چمپئن لاہور قلندرز کو 35 رنز سے شکست دی تھی۔