راولپنڈی(این این آئی)پاکستان سپرلیگ آٹھویں ایڈیشن کے چوبیسویں میچ میں میزبان اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانزکوسنسنی خیز مقابلے کے بعد2وکٹوںسے شکست دیدی،فہیم اشرف پلیئرآف دی میچ قرارپائے۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈنے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز نے شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20اوورز میں 5 وکٹ پر 205رنز بنائے۔ملتان کی طرف سے شان مسعود نے 75رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 12چوکے لگائے جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 60رنز کی اننگز کے دوران 5چھکے اور 4چوکے لگائے۔ملتان سلطانزکی طرف سے کپتان محمد رضوان نے 33، رئیلی روسو نے 15اور ڈیوڈ ملر نے 11رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان اور محمد وسیم نے 2،2جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم مقرہ 19.5اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 209رنز بنا کر میچ اپنے نام کرلیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 3چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 44، رحمان اللہ گرباز نے 5چوکوں کی مدد سے 25، کولن منرو نے 4چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے 40، وسیم جونیئر نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 16جبکہ فہیم اشرف نے 5چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 51رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے انورعلی نے 3،اسامہ میراور احسان اللہ نے 2، 2جبکہ عباس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔اسلام آباد کے فہیم اشرف پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔