لاہور ( این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب ) کی دو رکنی ٹیم چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان کو منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس وصول کرانے زمان پارک پہنچ گئی تاہم نیب کی ٹیم کو عمران خان کے گھر تک رسائی نہ مل سکی۔
نیب کی ٹیم منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس وصول کروانے عمران خان کے گھر پہنچی۔ تاہم زمان پارک کی سکیورٹی نے نیب ٹیم کو رہائشگاہ کے باہر روک لیا ۔انتظار کرنے کے بعد ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔ اسی موقع پر صحافی نے نیب ٹیم سے سوال کیا کہ عمران خان کو نیب کی جانب سے کونسا نوٹس وصول کرایا، نیب اہلکاروں نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دینے سے گریز کیا۔اس سے قبل نیب کی ٹیم نے سابق وزیراعظم کی لاہور زمان پارک رہائشگاہ پہنچ کر توشہ خانہ کیس میں طلبی کا نوٹس وصول کرایا تھا۔22 فروری کو نیب اسلام آباد کی جانب سے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو نیب اسلام آباد نے 9 مارچ دن ڈھائی بجے طلب کیا گیا ہے۔