کراچی (این این آئی)ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید 2 اعشاریہ 89 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں ہونے والی مہنگائی کے حوالے سے اعداد وشمار جاری کردیئے ہیں، جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 2.89 فیصد کا اضافہ ہوا ہے،
اور مہنگائی کی مجموعی شرح 38.42 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ادارہ شماریات کے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں 34 اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مرغی، گھی، خوردنی تیل اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوئیں، برانڈڈ خوردنی تیل کی قیمت میں ایک ہفتے میں 243 روپے تک کا اضافہ ہوا، اور 5 لیٹر برانڈڈ خوردنی تیل کی قیمت 3 ہزار روپے سے زائد ہوگئی، جب کہ ایک کلو گھی کی قیمت میں 44 روپے تک اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت ایک ہفتے میں 31 روپے تک بڑھی، دال ماش فی کلو 7 روپے سے زائد اور دال مونگ 3 روپے تک مہنگی ہوئی، ایل پی جی گھریلو سلنڈر 47 روپے تک مہنگا ہوا، جب کہ گوشت، دودھ، دہی، جلانے کی لکڑی، چینی، گڑ اور نمک بھی مہنگا ہوا ہے۔