اسلام آباد (این این آئی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی رہنمائوں کے جیل کے بعد حوصلے اور ہمت کا موازنہ پیش کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی رہنمائوں کے جیل کے بعد حوصلے اور ہمت کا موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری 3دن، اعظم سواتی 4دن اور شہباز گل 27دن جیل میں رہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف 374دن، شہباز شریف 340دن، شاہد خاقان عباسی 222دن، مریم نواز 158دن، حمزہ 627دن، رانا ثناء اللہ 174دن اور مفتاح اسماعیل کو 142دن جیل میں گزارنے پڑے۔جاری کی گئی ویڈیو میں مسلم لیگ (ن )کے رہنمائوں کو دوران قید حوصلے کا مظاہرہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ تحریک انصاف کے رہنمائوں کو قید کے دوران روتے ہوئے دکھایا گیا۔خواجہ آصف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سیاسی ورکروں اور رہنمائوں کو اپنے نظریات اور عقائد کے تقدس کیلئے حوصلہ بلند ، ہمت جوان اور عزم و وقار کے ساتھ آزمائش کا مقابلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ اقتدار کے نشے میں سیاست کی آزمائشوں کو بھولنا نہیں چاہیے۔