پشاور(آئی این پی) پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کے بعد پہلی نماز جمعہ ادا کی گئی، جس میں سیکڑوں نمازیوں نے شرکت کی۔30 جنوری کو صوبائی
دارالحکومت میں پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 101 افراد شہید اور49 زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد پہلی نماز جمعہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر مسجدنمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی یہاں تک کہ کئی افراد نے مسجد کے باہر نماز جمعہ ادا کی۔دھماکے کا نشانہ بنائی گئی مسجد میں ادا ہونے والی نماز جمعہ میں پولیس کے اعلی افسران بھی شریک ہوئے جب کہ دیگر نماز پڑھنے والے دیگر جوانوں کے حوصلے بلند تھے۔مسجد میں نماز جمعہ کے لیے آنے والے پولیس افسران میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی اور ایس ایس پی کوآرڈینیشن ظہور بابر آفریدی بھی شامل تھے۔اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ جوانوں کے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردی ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔واضح رہے کہ 30 جنوری کو پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں خود کش دھماکے میں 101 افراد شہید اور49 زخمی ہوگئے تھے۔