لاہور، لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ، آئی این پی) سابق صدر آصف علی زرداری لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کچھ اہم تجاویز لے کر لاہور پہنچے ہیں، آصف علی زرداری اہم تجاویز وزیراعظم
شہبازشریف کے سامنے رکھیں گے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں مستقبل کی سیاسی صورتحال سے متعلق بھی اہم معاملات زیر غور آئیں گے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے فی الحال فوری وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مریم نواز واپس جا کر کچھ عرصے کے بعد مجھے رپورٹ دینگی تو اس کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کروں گا۔پارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور ممکنہ صوبائی انتخابات سے قبل نواز شریف کی وطن واپسی کی قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔پارٹی کی سینئر قیادت نے موجودہ سیاسی صورتحال میں نواز شریف کی فوری وطن واپسی کی درخواست کی تھی لیکن نواز شریف نے فی الحال فوری وطن واپسی سے صاف انکار کردیا۔نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو جواب دیا کہ فی الحال موجودہ سیاسی صورتحال میں میرا پاکستان واپس آنا ممکن نہیں، اگلے چند روز میں مریم نواز کی فوری وطن واپسی کا فیصلہ ہوگا، مریم نواز واپس جا کر کچھ عرصے کے بعد مجھے رپورٹ دینگی تو اس کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کروں گا۔