تبوک (این این آئی )تبوک کے علاقے میں اللوز پہاڑوں کی چوٹیوں پر برف گرنا شروع ہوگئی، سعودی عرب کے شمال مغربی علاقوں میں سردی، برف باری کے موسم کا اعلان کردیا گیا۔ ممکنہ طور پر سرد قطبی ڈپریشن کے باعث علقان اور الزیتہ کے علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ اللوز پہاڑوں کی چوٹیاں سیاحوں کی آمد کے لئے مناسب نہیں رہیں۔ ان کی سڑکیں برف کے موسم میں گاڑیوں کی بھاری آمدورفت کے لیے موزوں نہیں ہیں۔ دھند، شدید سردی، ہواں اور محدود بینائی کی وجہ سے خطرات بہت بڑھ گئے ہیں۔خیال رہے تبوک کے علاقے کے لوگ ہر سال ان سفید پوش پہاڑوں کا انتظار کرتے ہیں۔ اللوڑ پہاڑوں کی چوٹیوں اور علقان اور الزیتہ کے علاقوں میں برفباری سے خوبصورت مناظر تشکیل پا جاتے ہیں۔ یہ سعودی عرب کے وہ اہم ترین مقامات ہیں جہاں ہر سال برف باری ہوتی ہے۔تبوک کے لوگ اس سال بھی موسمی بلیٹن کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ اس سال کے سرد موسمی رجحان سے لطف اندوز ہوا جا سکے۔ سعودی عرب کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں کے لیے یہ انتہائی منفرد موسم ہوتا ہے۔ یہاں پر انتہائی سرد قطبی دبا کے قریب ہونے کے باعث شدید سردی ہوجاتی ہے۔ دریں اثنا موسمیات کے قومی مرکز نے کہا کہ اتوار کے روز تبوک کے ان علاقوں یمں موسم جزوی ابر آلود رہے گا۔ شمالی سرحدی علاقوں کے کچھ حصوں میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان متوقع ہے۔