کراچی(آن لائن) پاکستان اسٹاک مارکیٹ پرمنگل کادن قہر بن کر ٹوٹ پڑا،بدترین مندی سے دوچار ہونے کے بعداسٹاک مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس1100پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گرگیا اور39800پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا ،
کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 151ارب روپے سے زائد ڈوب گئے جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 65کھرب روپے سے کم ہو کر63کھرب روپے پر آگیا جبکہ82.99فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق ملکی معاشی حالات ہر گذرتے دن کیساتھ بدتر ہونے اور کوئی بھی معاشی اشاریہ مثبت نہ آنے پر سرمایہ کاروں نے مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری سے نہ صرف ہاتھ روک لیا بلکہ فارن کارپوریٹ اور مقامی انسٹی ٹیوشنز فروخت کو ترجیح دے رہے ہیں جبکہ انویسٹرز نے مارکیٹ سے سرمایہ نکال کر گولڈ اور کرنسی میں سرمایہ لگانا شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے جبکہ معاشی سطح پر اچھی خبروں کا فقدان بھی سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی کر رہا ہے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 1138.37پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 40970.82پوائنٹس سے کم ہو کر39832.45پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 385.28پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 15076.12پوائنٹس سے گھٹ کر14690.84پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس27565.85پوائنٹس سے کم ہو کر26924.87پوائنٹس پر بندہوا ۔
کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں1کھرب 51ارب28کروڑ2لاکھ80ہزار923روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 65کھرب7ارب23کروڑ63لاکھ82ہزار719روپے سے کم ہو کر63کھرب55ارب95کروڑ61لاکھ1ہزار795روپے رہ گیا ۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 6ارب روپے مالیت کے 26کروڑ52لاکھ84ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو3ارب روپے مالیت کے 14کروڑ25لاکھ76ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںگذشتہ روز مجموعی طور پر 341کمپنیوں کاکاروبار ہوا
جس میں سے 37کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،283میں کمی اور21کمپنیوںکے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبارکے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام3کروڑ35لاکھ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 1کروڑ99لاکھ ،حیسکول پیٹرول 1کروڑ25لاکھ ،
سنر جیکو پاک 1کروڑ اور ٹیلی کارڈ لمیٹڈ 73لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے۔کاروباری اتار چڑھائو کے اعتبار سے رفحان میض کے بھائو میں190.00روپے کا نمایاں اضافہ ہوا جس سے اسکے حصص کی قیمت 8355.00روپے ہو گئی اسی طرح49.33روپے کے اضافے سے
باٹا پاک کے حصص کی قیمت 1600.33روپے پر جا پہنچی جبکہ پاک سروسز کے بھائو میں116.00روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے اسکے حصص کی قیمت 1432.00روپے ہو گئی اسی طرح 90.28روپے کی کمی سے نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت 5250.00روپے پر آ گئی ۔#