اسلام آباد(آئی این پی) سپریم کورٹ نے موٹروے پر بائیکس چلانے کے خلاف وفاقی حکومت کی درخواست منظور کر لی۔سپریم کورٹ میں موٹروے پر بائیکس چلانے کی
اجازت دینے کے خلاف کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔ 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے تحریر کیا۔تحریری فیصلے کے مطابق موٹر وے پر بائیکس چلانے کے خلاف وفاقی حکومت کی درخواست منظور کر لی گئی ہے اور سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔موٹرویز پر بائیکس چلانے کی اجازت دینا خطرناک ہوسکتا ہے جبکہ قانون شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے بنائے جاتے ہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس احتیاطی تدابیر کے تحت مخصوص علاقوں میں موٹرسائیکل پر پابندی کا اختیار ہے اور موٹر وے پر تیز رفتار ٹریفک موٹرسائیکل سواروں کے لیے خطرناک ہو گی۔سپریم کورٹ کے مطابق شہریوں کی حفاظت کے لیے بائیکس پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہے۔اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے 6 سو سی سی بائیکس کو موٹروے پر چلانے کی اجازت دے دی تھی۔