لاہور( این این آئی)پنجاب میں آئندہ تعلیمی سال 2023 سے چھٹی جماعت سے لے کر آٹھویں جماعت تک یکساں نصاب تعلیم لاگو ہوگا،سکولزایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نجی تعلیمی اداروں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک یکساں نصاب نافذ کیا جائے۔
فیصلے کے بعد پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کے لیے ایک ہی نصاب ہوگا۔محکمہ تعلیم نے پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کو یکم اپریل سے پہلے یکساں نصاب تعلیم کی کتابیں شائع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔اس کے علاوہ یکم اپریل 2023 سے پہلے نئی کتابوں کی مارکیٹ میں دستیابی کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔محکمہ تعلیم نے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے جو یکساں نصاب تعلیم کے علاوہ دیگر کتابیں استعمال کرنا چاہتے ہیں انہیں پہلے پنجاب کریلکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ سے اجازت لینا ہوگی۔جو تعلیمی ادارے یکساں تعلیمی نصاب سے انکار کریں گے یا منحرف ہوں گے ان اداروں پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 25 ہزار روپے سے 5 لاکھ روپے تک کے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم نویں اور دسویں جماعت کے لیے یکساں نصاب تعلیم کا اجرا ء کرے گا، ان جماعتوں کی کتابیں یکم اپریل 2024 تک شائع کی جائیں گی۔