تہران (این این آئی )ایران کے انٹیلی جنس وزیرنے سعودی عرب کوخبردارکیا ہے کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ ان کا ملک صبروتحمل کی حکمت عملی کو جاری رکھے گا۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق وزیربرائے سراغرسانی اسماعیل خطیب نے کہا کہ سعودی عرب کے معاملے میں،میں کہتا ہوں کہ ہمارے پڑوس کی وجہ سے ہماری اور خطے کے دیگرممالک کی قسمت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے۔ایران کے نقطہ نظر سے خطے کے ممالک میں کوئی بھی عدم استحکام متعدی ہے اورایران میں کوئی بھی عدم استحکام خطے کے ممالک میں متعدی ہوسکتا ہے۔وزیرنے مزیدکہا کہایران نے اب تک مضبوط عقلیت کے ساتھ تزویراتی صبروتحمل کواپنایا ہے لیکن مخاصمت کے تسلسل کی صورت میں اس تزویراتی صبرکے تسلسل کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگرایران نے ان ممالک کو بدلہ دینے اور سزا دینے کی پالیسی اختیارکی تو شیشے کے محلات منہدم ہوجائیں گے اوران ممالک کو استحکام نظر نہیں آئے گا۔