اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)یوٹیوب چینل پر اپنے تازہ پروگرام میں عمر چیمہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اعزاز سید نےدعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ عمران خان نے نئے آرمی چیف کی تقرری کے معاملے کو متنازع
بنانے کی پوری تیاری کر لی ہے اور اس کے لئے اب وہ عنقریب عملی اقدام بھی کریں گے۔ ہمیں ایسی معلومات بھی ملی ہیں کہ عمران خان کے آدمیوں نے آرمی چیف کے امیدوار جرنیلوں کو متنازع بنانے کے لئے کچھ دستاویزات تیار کر لی ہیں اور اپنے لانگ مارچ میں وہ نئے آرمی چیف کے لئے متوقع امیدواروں کو متنازع بنانے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج نہ ہونے والے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے دونوں صحافیوں کا کہنا تھا کہ واقعہ صوبہ پنجاب میں ہوا ہے اور یہاں پی ٹی آئی کی اپنی حکومت ہے۔ اگر پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی اور پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ ہوتے تو عمران خان اور پوری تحریک انصاف نے پرویز الٰہی پر انگلیاں اٹھانی تھیں کہ وزیر اعلیٰ ایف آئی آر درج نہیں ہونے دے رہا۔