اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حالیہ دھرنے اور سیاسی سرگرمیوں کے دوران قانون کے مطابق احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے افسران کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق
وزیر اعظم کی جانب سے یہ احکامات خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سرکاری افسر ان کے لیے دیے گئے ہیں، رپورٹس کی بنیاد پر افسران کی پرموشن کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ قانون کے مطابق فرائض ادا نہ کرنے والے افسران کو پروموشن بورڈ میں سزا دی جائے، جس کااجلاس غیر معمولی عجلت میں بلایا گیا ہے، بورڈ کا اجلاس دسمبر کے پہلے ہفتے میں منعقد ہو گا اور یہ اجلاس ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب اگست کے وسط میں ہونے والے سابق بورڈ میں ہونے والی ترقیوں کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے گزشتہ بورڈ میں ہونے والی ترقیوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے، ایجنسیوں کی رپورٹ کی بنیاد پر متعلقہ کمیٹی جاری سیاسی کشیدگی میں افسران کے طرز عمل کا جائزہ لے گی کہ آیا انہوں نے قانون کے مطابق کام کیا یا نہیں۔ذرائع کے مطابق انٹر سروسز انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ رپورٹس پیش کریں، خاص طور پر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز اور پولیس سروس آف پاکستان کے افسران جو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں تعینات تھے۔