گوجرانوالہ(آئی این پی، اے پی پی)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا خونی کنٹینر 3لوگوں کی زندگیاں نگل گیا.تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران پنڈی بائی پاس کے قریب مارچ میں شریک کنٹینر کی ٹکر سے 18سالہ موٹر سائیکل سوارسمیر زندگی کی بازی ہار گیا۔
بائی پاس کے قریب پیش آنے والے حادثے میں موٹر سائیکل پر موجود دوسرے سوارکی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں، عمران خان کے پروٹوکول کے باعث ایمبولینس بھی تاخیر سے پہنچی۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ورثا نے عمران خان کا کنٹینر روک کر احتجاج کیا اس دوران سیکورٹی اہلکاروں نے دھکے دے کر مظاہرین کو پیچھے ہٹا دیا،لانگ مارچ کی سیکورٹی پر مامور جوانوں نے میڈیا نمائندگان کو بھی دھکے دیئے۔تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران 18 سالہ نوجوان سمیر، خاتون صحافی صدف نعیم اور گزشتہ رات پارٹی کارکن سمیت ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3ہوگئی ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا لانگ مارچ ہوس اقتدار کا مارچ ہے،ہوس اقتدار مارچ اب قاتل مارچ بنتا جا رہا ہے،لانگ مارچ کے باعث گوجرانوالہ میں معمولات زندگی متاثر ہیں،گوجرانوالہ کے مزدورں او ر کاروباری برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں،اگر لانگ مارچ والے اسلام آباد پر امن احتجاج کے لیے آرہے ہیں تو ضرور آئیں،اگر انہوں نے دنگا فساد کرنے کی کوشش کی تو ہماری تیاری مکمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔